خواص منزل

0



 خواص منزل

منزل عظیم الشان قرآنی عمل ہے ،خیر القرون سے یہ اہل اللہ کا وردرہاہے،حضرت قطب الاقطاب شیخ الحدیث مولانازکریا صا حب قدس سرہ کے خاندانی بزرگان و مشائخ کا بھی یہ مقبول اور مجر ب وظیفہ رہاہے ۔

تعبیر کے امام محمد بن سیرین رحمۃ اللہ علیہ  سے منقول ہے کہ ہم کسی سفر میں تھے، ایک نہر پرہماراقیام ہوا،لوگوں نے ڈرایا کہ یہاں قافلے لٹ جاتے ہیں ،میرے سب رفیق وہاں سے چل دیئے مگر میں چونکہ آیات حرز پڑھا کرتاتھا ،اس لیے وہاں ٹھہرارہا ،جب رات ہوئی تو ابھی سونے بھی نہ پایاتھا کہ چند آدمی شمشیربکف آئے مگر مجھ تک نہ پہنچ سکے، جب صبح کووہاں سے چلا،تو ایک شخص گھوڑے پرسوار ملااور مجھ سے کہا کہ ہم لوگ رات کو سوبارسے زائدتیرے پاس آئے ، مگر درمیان میں ایک آہنی دیوار حائل ہوجاتی تھی ۔میں نے کہا:یہ ان آیات کی برکت ہے ،اس شخص نے عہد کیا کہ آئندہ یہ کا م (ڈاکہ ،چوری )نہیں کروں گا۔ (فضائل حفاظ القرآن،ص:۲۵۸)

صاحب نافع الخلائق نے مذکورہ بالا قصے کو حضرت عبداللہ بن عمررضی اللہ عنہ کی طرف منسوب کیاہے اور ان آیات کے درج ذیل خواص لکھے ہیں :

(۱)یہ آیات جذام اور برص جیسے موذی امراض کاعلاج ہیں ۔(۲) حاجات کے پوراہونے میں اکسیرہیں ۔ (۳)جو صبح پڑھے گا ،تو رات تک خود اس کی اور اس کے جان وما ل کی حفاظت رہے گی اور جوشام کوپڑھے گا صبح تک محفوظ رہے گا ۔(۴)اگر فقیران آیات کاوردکرے تو غنی ہو جائے ۔ (۵)مریض پڑھے تو شفایاب ہوجائے ۔(۶)زخموں پر ان آیات کو پڑھاجائے تو جلد اچھے ہو جائیں۔ (۷)اگر قیدی ان آیات کو پڑھے تورہائی پائے یاکم ازکم قید کی شدت میں کمی ہوجائے۔(۸)ان آیات میں فالج ، بواسیر،لقوہ،قولنج اورچشم زخم وغیرہ جملہ امراض کاعلاج ہے۔ (۹)یہ آیات جنات ،موذی انسان ،درندوں اور موذی حشرا ت الارض سے حفاظت کابہترین ذریعہ ہیں۔ (۱۰)ظالموں اور حاسدوں کے شرسے حفاظت کے لئے یہ آیات بہت مفید ہیں۔ (۱۱)یہ آیات جادو ،جناتی اثر کا بہترین علاج ہیں ۔ (۱۲)ان آیات میں مقبولیت کااثر بھی ہے پس جو ان کاورد رکھے وہ مخلوق میں مقبول وعزیزہو اور اس کاقول و عمل بھی لوگوں کے ہاں مقبول ہو۔(۱۳)بچوں کو یہ آیات باندھی جائیں تو جملہ بلاؤں سے اُن کی حفاظت رہے۔ (۱۴)اگر کوئی شخص گم یا غائب ہوجائے تو تین دن تک اس کے لیے یہ آیات پڑھی جائیں ، ان شاء اللہ چوتھے دن تک اسکی حیات و ممات کا علم ہوجائے گا۔(۱۵)جس گھر میں یہ آیات ہوں وہ جادواور جلنے سے محفوظ رہے۔ (نافع الخلائق،ص :۳۲۶)

صاحب ’’فضائل حفاظ القرآن‘‘لکھتے ہیں :ان آیات کے پڑھنے سے آسیب و درندہ،چور اور ہرقسم کی بلااو ر آفت رفع ہوجاتی ہے۔ کہا گیاہے کہ ان میں سوبیماریوں سے شفاء ہے۔

محمدبن علی رحمۃ اللہ علیہ  فرماتے ہیں کہ ہمارے ایک بوڑھے کوفالج ہوگیاتھا ،اس پر یہ آیتیں پڑھیں ،اسکوشفاء ہوئی۔نیز ان ۳۷آیتوںکو پڑھنے والاسرکش شیطان ،جادوگر،ظالم حاکم اور تمام چوروں ،ڈاکوؤں اور درندوں سے محفوظ رہے گا۔

منزل شریف میں یہ آیات شامل ہیں:

سورہ ٔ فاتحہ… مکمل… سورہ ٔبقرہ آیت ا تا ۵… سورۂ بقرہ آیت ۱۶۳… سورۂ بقرہ ۲۵۵ تا ۲۵۷ …سورۂ بقرہ… ۲۸۵ تا ۲۸۶… اٰل عمران ۱۸… اٰل عمران ۲۶ تا ۲۷ … الاعراف ۵۴ تا ۵۶… الاسراء ۱۱۰ تا۱۱۱… المومنون ۱۱۵ تا ۱۱۸… الصّٰفّت ۱ تا ۱۱ … الرحمن ۳۳ تا ۴۰… الحشر ۲۱ تا ۲۴… الجن ۱ تا ۴… سورۂ الکافرون مکمل… سورۂ اخلاص مکمل… سورۂ فلق مکمل… سورۂ والناس مکمل

(فضائل حفاظ القرآن،ص :۲۵۸)



No comments:

Post a Comment

براہِ کرم! غلط یا حوصلہ شکن کمنٹ نہ کریں… آپ کا کمنٹ آپ کی ذات اور اخلاق کی پہچان ہے… اس لیے جلا بھنا یا ادب و آداب سے گرا ہوا کمنٹ آپ کے شایان شان ہرگز نہیں۔ شکریہ

Powered by Blogger.

Advertise Here

© 2020 تمام جملہ حقوق بحق | Tahseenonline | محفوظ ہیں

Theme byNoble Knowledge