آپ کا بچہ بول رہا ہے

0



 آپ کا بچہ بول رہا ہے

آپ والدین  بڑے "وہ" ہیں۔چھوٹی چھوٹی  غلطیوں پر مجھے مارتے پیٹتے رہتے ہیں،  برا بھلا کہتے ہیں، دوسروں کا غصہ بھی مجھ پر نکالتے ہیں۔ایسا کرتے ہوئے آپ بھول جاتے ہیں کہ آپ بھی کبھی بچے تھے۔میری خواہش ہے کہ آپ اپنے آپ میں تبدیلی  پیدا کریں۔اپنے غصہ اور جذباتی پن پر کنٹرول کریں۔کیونکہ مجھے آپ کی مدد،دوستی،محبت اور رہنمائی کی ضرورت ہے۔آئیں ایک دوسرے کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ شاہراہِ زندگی پر یہ سفر ہنستے مسکراتے اور افہام و تفہیم کے ساتھ طے کیا جا سکے۔

آپ کا بیٹا /بیٹی

  جب  میں کوئی  اچھا کام کروں تو  مجھے شاباش ضرور دیں۔اس سے میری حوصلہ افزائی ہوتی ہے اورخوشی کا احساس ہوتا ہے۔
مسجد میں مجھے اپنے ساتھ لے جائیں۔نماز پڑھنا،نماز کے بعد ایک دوسرے کا حال، احوال دریافت کرنا اور لوگوں سے ہاتھ ملانا مجھے اچھا لگتا ہے۔
اپنے وعدے پورے کریں کیونکہ جب آپ کسی اچھے  کام پر مجھے انعام دینے کا وعدہ کرتے ہیں مگر نہیں دیتے تو میری نظروں میں آپ با اصول نہیں رہتے۔
  میرے ایمان اور صحت و سلامتی کے لئے اللہ تعالیٰ سے دعاء کرتے رہیں اس سے میں اپنے آپ کو خوش قسمت اور محفوظ تصور کرتا ہوں۔
کبھی کبھی میرے لئے کھانے کی کوئی چیز وافر مقدار میں لائیں اور مجھے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر کھانے کا موقع دیں۔اس سے مجھ میں وسعتِ قلبی،اخوت اور محبت کا احساس پیدا  ہوتا ہے۔
  اس بات کا دھیان رکھیں کہ موبائل، ٹی وی، کمپیوٹر اور ویڈیو گیمز وغیرہ میری اخلاقی اور جسمانی صحت کو خراب  نہ کردیں۔
جب کوئی غلطی سر زد ہو جائے تو میرے ساتھ پلیز چیخ چلا کر بات نہ کریں،آپ کو لال پیلا دیکھ کر میں اپنے آپ کو خوف زدہ اور بکھرا بکھرا سا محسوس کرتا ہوں۔
کبھی کبھی چھٹی کے دن مجھے اپنے ساتھ سیر و تفریح کیلئے لے جائیں۔سبز گھاس،خوبصورت پھول، آبشاریں،جھولے،پرندے اور جانور  مجھے اچھے لگتے ہیں۔
سزا دیتے وقت یہ بتانا نہ بھولیں کہ مجھے سزا کیوں دی جا  رہی ہے ؟ایسی وجوہات بتائیں جو میری سمجھ  میں آ سکیں۔
میری  موجودہ غلطی کے ساتھ گذشتہ غلطیوں کی فہرست نہ دہرائیں بڑوں سے بھی غلطیاں ہوتی ہیں۔میں تو پھر بھی بچہ ہوں۔
مجھے نکما،بے وقوف اور گدھا کہہ کر نہ پکا را کریں۔کیا آپ ڈکشنری میں  میرے  لئے اس سے اچھے الفاظ  موجود نہیں؟
جب آپ مجھے خود قرآن مجید پڑھاتے ہیں اور سکول کا ہوم ورک کرنے میں میری مدد  کرتے ہیں تو مجھے محسوس ہوتا ہے کہ آپ کو واقعی مجھ سے محبت ہے۔ورنہ آجکل والدین کے پاس اپنے بچوں کے لئے وقت کہاں ہے ؟
جب گھر میں کوئی اچھی چیز پکتی ہے اور آپ میرے ہاتھ  اس  میں سے کچھ حصہ  ہمسائے کے گھر بھجواتے ہیں تو مجھے عجیب سے روحانی خوشی کا احساس ہوتا ہے۔
کبھی کبھار میرے دوستوں /سہیلیوں کو اہتمام کے ساتھ کھانے پر بلائیں ہمارے   اکٹھے  کھانا  کھانے سے مجھے اخوت اور بھائی  چارے کا  سبق ملتا ہے۔
اگر ممکن  ہو تو کم از کم ایک وقت کا کھانا میرے ساتھ ضرور کھائیں۔
جھے کھانے پینے کے آداب سکھانے کے ساتھ ساتھ بھوک رکھ کر کھانے کی عادت ڈالیں
کھانے کے معاملے میں کبھی کبھی میری پسندیدہ ڈش مجھ سے پوچھ کر تیار کروائیں۔
مجھے اپنے رشتے داروں کے بارے میں معلومات دیں اور وقتاً فوقتاً  ان سے ملاقات کا بھی اہتمام کریں۔
     آپ بڑے ہیں اور میں چھوٹا۔اس لئے میری غلطیوں پر در گزر کر کے اپنے بڑا ہونے  کا ثبوت دیں اور اچھے طریقے سے میری اصلاح کریں۔
جب آپ مجھ سے چیزیں چھپا  چھپا کر رکھتے ہیں تو میں اپنے دل میں عجیب سی تنگی محسوس کرتا  ہوں۔آپ کا ایسا رویہ مجھے چوری کی عادت ڈال سکتا ہے۔
مجھے شدت پسندانہ نظریات و خیالات سے دور رکھیں۔مجھے ان لوگوں  کے شر سے بچائیں جو فرقہ واریت،ذات پات،زبان اور رنگ و نسل کی بنیاد پر نفرتیں پھیلاتے ہیں ۔
مجھے میرے پیارے رسول ﷺ کی پیاری پیاری باتیں کہانی کی صورت میں بتایا کریں۔مجھے یہ باتیں بڑی پیاری لگتی ہیں۔جان سے بھی زیادہ پیاری۔
مجھے نماز سکھائیں اور اس میں پڑھے جانے والے الفاظ کا مفہوم  بھی سمجھائیں،مجھے نماز سمجھ کر اور باقاعدگی سے پڑھنے کی عادت ڈالیں۔
مجھے اپنے دوستوں کے بارے میں بتائیں اور کبھی کبھی ان کے ہاں لے بھی جائیں۔
مجھے اجازت دیں کہ میں اپنے کھلونوں سے دوسرے بچوں کو بھی کھیلنے دوں۔
مجھے جنوں بھوتوں کی کہانیاں سنا کر بزدل نہ بنائیں بلکہ بہادر لوگوں کی کہانیاں  سنا کر بہادر بنائیں۔
مجھے بچوں کے اچھی اچھی سی ڈیز لا کر دیں۔یہ میری تربیت اور تفریح طبع کے لئے بہت ضروری ہیں۔تجھے کیا ملے گا نماز میں، قرآنی قصے،چاند نگر سے تٹرم تم تڑم،کیسٹ کہانی، نیکی کے ہم لوگ سپاہی،کلام اقبال عنایت چچا کی محفل،اے خدا !قرآن کی تفہیم دے،بہادر صیام،نغمات رمضان،عید کا تحفہ،بگلا بھگت،انگوروں کی چوری،محمد بن قاسم  (حصہ اول و دوم )پہلے انسان کی کہانی،نشانِ حیدر،مومن کا ہتھیار اور کامیابی کا زینہ بہت پیاری سی ڈیز ہیں۔یہ فہرست میرے دوست عرفان نے بنا کر دی ہے۔اس  نے اپنے گھر میں اچھے اچھے کیسٹ اور سی ٖڈیز کی ایک لائبریری بنائی ہوئی ہے۔
مجھے اچھی اچھی کتابیں پڑھنے کو لا کر دیں۔گلدستۂ قرآن،انمول،منزل،کہانی ایک لڑکے کی، زندہ باد مشغلہ،دو آنسو،سکارف،چندہ ماموں دور کے،نیک چڑیاں عظیم عطیہ،روشن راستہ، دلچسپ منصوبہ،فضائی  حملہ،کالا پتھر،گمنام محسن،پھول اور کانٹے،علم کا اجالا،تین دوست،خزانہ،واپسی،کاہلوں کی شہزادی،آزادی کا دن،اچھے بچوں کی اچھی عادتیں،عقل مند کون ؟،اور اچھا بچہ کون ؟وغیرہ تربیتی کہانیوں کی بہترین کتابیں ہیں۔میرے عرفان نے اپنے گھر میں ایسی کتابوں کی بھی ایک لائبریری بنائی ہوئی ہے۔
میرا سب سے قیمتی اثاثہ آ پ دونوں کی آپس کی محبت ہے۔
مجھے مشکل حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے ابھی سے ذہنی طور پر تیار کریں۔
یاد رکھیں !آپ کی دیانت داری،مستقل مزاجی اور راست گوئی میری  شخصیت کو مضبوط اور پر اعتماد بنانے کیلئے بہت ضروری ہے۔
مجھے اپنے جیب خرچ میں سے کچھ رقم بچانے کی عادت ڈالیں۔اگر ممکن ہو تو مہینے بھر کا جیب خرچ اکٹھا ہی دے دیا کریں تاکہ میں اسے منصوبہ بندی کے ساتھ خرچ کر سکوں۔
میرے سوالوں کا جواب دیں چاہے احمقانہ ہی کیوں نہ ہوں۔
جب میں کسی سے برے رویہ سے پیش آؤں تو ضرور نشاندہی کریں مطلوب  اور غیر مطلوب رویوں سے مجھے اچھی طرح آگاہ کریں۔
  اگر میں اپنا ہوم ورک اچھے طریقے سے نہ کر پاؤں تو بجائے  برہم ہونے کے میری مدد کریں۔
  مجھے اپنے غصہ پر قابو پانے کا فن سکھائیں۔
اس بات کو یقینی بنائیں کہ جب کوئی میرا دوست /سہیلی ہمارے  گھر آئے  تو  آپ اسے خوشدلی سے خوش آمدید کہیں۔
میرے ساتھ مایوسی اور دل شکنی کی باتیں ہر  گز نہ کریں   بلکہ ہمت اور حوصلہ افزائی کرنے والی باتیں کریں۔
بات کو اس انداز سے شروع نہ کریں کہ جب میں تمہاری عمر کا تھا/تھی تو ۔۔۔۔۔۔کیونکہ ہر کوئی  ہر عمر میں مختلف صلاحیتوں کا مالک ہوتا ہے۔
  مجھے اپنی  آزادی دیں مگر اپنی نگرانی میں۔
جب میں اپنے دوستوں /سہیلیوں میں ہوتا /ہوتی ہوں تو براہ مہربانی میرے ساتھ ہی چمٹے رہنے سے گریز کریں۔
مجھے سب کے سامنے برا بھلا کہنے کی بجائے علیحدگی میں سمجھائیں۔
   آ پ کی طرف سے میرے  ماتھے پر دیا  ہوا بوسہ میرے سر کو فخر سے بلند کر دیتا ہے۔
    آپ کے منہ سے نکلے ہوئے تعریفی کلمات میری کامیابی کی منزل کو قریب تر کر سکتے ہیں۔
اپنے قیمتی وقت میں سے میرے لئے کچھ وقت ضرور نکالیں۔پاس بیٹھیں،مسکرائیں،کھیلیں یا کوئی دلچسپ سرگرمی کریں۔
مجھ سے میری عمر کے مطابق توقعات وابستہ کریں۔
    آپ کا میرے ساتھ مزاح اس بات کی علامت ہے کہ آپ میرے دوست بھی ہیں۔ [جاری ہے]

No comments:

Post a Comment

براہِ کرم! غلط یا حوصلہ شکن کمنٹ نہ کریں… آپ کا کمنٹ آپ کی ذات اور اخلاق کی پہچان ہے… اس لیے جلا بھنا یا ادب و آداب سے گرا ہوا کمنٹ آپ کے شایان شان ہرگز نہیں۔ شکریہ

Powered by Blogger.

Advertise Here

© 2020 تمام جملہ حقوق بحق | Tahseenonline | محفوظ ہیں

Theme byNoble Knowledge