نماز:ارکان و شرائط،واجبات، سنتیں،مستحبات، مفسدات

0



 فرائضِ اسلام

 اسلام میں عقیدہ کی درستگی کے بعد ان فرائض کی بڑی اہمیت ہے اور وہ فرائض درج ذیل ہیں:

(۱) نماز (۲) روزہ (۳) حج (۴) زکوٰۃ 

فریضہ نماز کی مختصر تفصیل ملاحظہ فرمائیں:

نماز

 یہ اسلام کا سب سے بڑا رکن ہے،ایمان کے بعد اس کی اہمیت تمام فرائض و احکام سے زیادہ ہے، یہ دین کا ستون، اسلام اور مسلمانوں کا شعار ہے ،اور اس بارے میں غفلت اور سستی کرنا باعثِ وعید ہے۔ 

دن رات میں کل پانچ نمازیں فرض ہیں۔ فجر، ظہر، عصر، مغرب، عشاء اور جمعتہ المبارک کے دن ظہر کے وقت میں نماز جمعہ ادا کرنا۔(فائدہ: نماز وتر پڑھناواجب ہے)

نماز کے ارکان و شرائط

تنبیہ:  شرائط اور ارکان نماز کا پایا جانا نماز میں فرض ہے اگر ان میں سے کوئی شرط یا رکن نہ پایاگیا تو نماز نہیں ہوگی۔

ارکان: (۱) نیت کے وقت ’’اﷲ اکبر‘‘ کہنا(۲) کھڑے ہو کر نماز پڑھنا (۳) قرأت کرنا (۴) رکوع کرنا(۵) سجدہ کرنا(۶) قعدہ اخیرہ۔

شرائط :(۱)بدن کا پاک ہونا(۲) جگہ کا پاک ہونا(۳) کپڑوں کا پاک ہونا (۴) ستر کا چھپانا (۵)وقت کے اندر نماز پڑھنا(۶)قبلہ رخ ہو کر نماز پڑھنا(۷) نماز کی نیت کرنا۔

واجبات نماز

(۱) فرض نمازوں کی پہلی دو رکعتوں کو قرأت کے لئے خاص طور سے مقرر کرنا (۲) فرض نمازوں کی تیسری اور چوتھی رکعت کے علاوہ تمام نمازوں کی ہر رکعت میں سورئہ فاتحہ پڑھنا (۳) فاتحہ کے بعد سورۃکا پڑھنا (فرض کی پہلی دو رکعات میں اور نفل، سنت اور واجب کی تمام رکعتوں میں…) (۴) سورئہ فاتحہ کو سورۃ سے پہلے پڑھنا (۵) ترتیب قائم رکھنا (۶) قومہ(یعنی رکوع سے کھڑاہونا)(۷) جلسہ (یعنی دوسجدوں کے درمیان بیٹھنا)(۸) تعدیلِ ارکان (۹) قعدئہ اولیٰ (۱۰) تشہد (۱۱) جہری نماز میں بآوازِ بلند تلاوت کرنا اور سری نمازوں میںآہستہ (۱۲) لفظِ سلام کے ساتھ نماز سے فارغ ہونا (۱۳) وتر میں قنوت کے لئے تکبیر کہنااور دعائے قنوت پڑھنا۔

تنبیہ: ( کوئی واجب اگر جان بوجھ کر چھوڑدیا جائے تو نماز فاسد ہے،لیکن اگر بھولے سے چھوٹ گیا تو سجدہ سہوکرنا ضروری ہے)۔

نماز کی سنتیں

(۱) تکبیرِ تحریمہ میں دونوں ہاتھوں کو کانوں تک اٹھانا (۲) دونوں ہاتھوں کی انگلیاں اپنے حال پر کھلی اور قبلہ رخ رکھنا (۳) تکبیر کہتے وقت سر نہ جھکانا (۴) تمام تکبیریں بقدرِ حاجت بلند آواز سے کہنا (۵) سیدھے ہاتھ کو بائیں ہاتھ پر ناف کے نیچے باندھنا (۶) ثناء پڑھنا (۷) اعوذ باللہ پڑھنا (۸) بسم اللہ پڑھنا (۹) فرض کی آخری دو رکعات میں فاتحہ پڑھنا (۱۰) آمین کہنا (۱۱) آمین، ثناء، تعوذ، بسم اللہ کو آہستہ پڑھنا (۱۲) رکوع سجدے میں تین بار تسبیح پڑھنا (۱۳) رکوع میں سر اورپیٹھ کو سیدھا رکھنا، دونوں ہاتھوں کی کھلی انگلیوں سے گھٹنوں کو پکڑنا (۱۴) سمع اللہ لمن حمدہ اور  رَبَّنَا لک الحمدکہنا (۱۵) سجدہ میں جاتے وقت پہلے دونوں گھٹنے پھردونوں ہاتھ پھر پیشانی رکھنا (۱۶) جلسہ اور قعدہ میں بایاں پائوں بچھا کر اس پر بیٹھنا اور سیدھے پائوں کی انگلیاں قبلہ کی جانب رکھنا (۱۷) اشھد ان لا الٰہ پر شہادت کی انگلی سے اشارہ کرنا (۱۸) قعدئہ اخیرہ میں تشہد کے بعد درود پڑھنا (۱۹) درود کے بعد دعا پڑھنا (۲۰)پہلے دائیں طرف پھر بائیں طرف سلام پھیرنا۔

نماز کے مستحبات

(۱) تکبیرِ تحریمہ کہتے وقت آستینوں سے دونوں ہتھیلیاں نکالنا (۲) اکیلے نماز پڑھنے والے کا تسبیحات تین سے زیادہ پڑھنا (۳) کھانسی اور جمائی کو حتی الامکان روکنے کی کوشش کرنا۔

مفسدات نماز

(جن سے نماز نہیں ہوتی)

(۱) نماز میں باتیں کرنا (۲) سلام کرنا یا اس کا جواب دینا (۳) اِنّا ﷲ یا  الحمد ﷲ کہنا (۴) درد کی وجہ سے آہ یا اوہ یا اُف کرنا (۵) اپنے امام کے سوا کسی دوسرے کو لقمہ دینا (۶) قرآن شریف دیکھ کر پڑھنا (۷) قرآن مجید کی تلاوت میں سخت غلطی کر لینا (۸) عمل کثیر کرنا (۹) کھانا پینا (۱۰) دو صفوں کی مقدار کے برابر چلنا (۱۱) قبلہ سے سینہ پھیر لینا (۱۲) ناپاک جگہ سجدہ کرنا (۱۳) ستر کھل جانا (۱۴) دعا میں ایسی چیز مانگنا جو عام آدمیوں سے مانگی جاتی ہیں ۔مثلاً: یااللہ! مجھے آج سو روپے دیدے (۱۵) بالغ آدمی کا قہقہہ لگانا، یا آواز سے ہنسنا (۱۶) امام سے آگے بڑھ جانا وغیرہ۔



مکروہاتِ نماز

(جن سے نماز مکروہ ہوجاتی ہے)

(۱) چادر سرپر ڈال کر اس کے دونوں کنارے لٹکا دینا، یا بغیر آستینوں میں ہاتھ ڈالے قمیص وغیرہ پہن لینا (۲) کپڑوں کو مٹی سے بچانے کے واسطے ہاتھ سے کپڑوں کو سمیٹنا (۳) اپنے کپڑوں یا بدن سے کھیلنا (۴) معمولی کپڑے جنہیں پہن کر مجمع میں جانا پسند نہیں کرتا ان میں نماز پڑھنا (۵) منہ میں کوئی چیز رکھ کر نماز پڑھنا (۶) سستی کی وجہ سے ننگے سر نماز پڑھنا (۷) پائخانہ یا پیشاب کی حاجت ہونے کی حالت میں نماز پڑھنا (۸) انگلیاں چٹخانا (۹) کمر یا کولہے پر ہاتھ رکھنا (۱۰) نگاہ اِدھر اُدھر کرنا (۱۱) کتے کی طرح بیٹھنا یعنی رانیں کھڑی کر کے رانوں کو پیٹ سے اور گھٹنوں کو سینے سے ملالینا اور ہاتھوں کو زمین پر رکھنا (۱۲)سجدے میں مرد کا دونوں کہنیوں کو بچھا لینا (۱۳) ایسے آدمی کی طرف منہ کرکے نماز پڑھنا جو نمازی کی طرف منہ کئے ہو (۱۴) ہاتھ یا سر کے اشارے سے سلام کا جواب دینا (۱۵) بلاعذر چار زانو (آلتی پالتی مار کر) بیٹھنا (۱۶) قصداً جمائی لینا یا قدرت کے باوجود نہ روکنا (۱۷) آنکھیں بند کر کے نماز پڑھنا (۱۸) امام کا محراب کے اندر کھڑا ہونا (۱۹) ایسی صف کے پیچھے اکیلے نماز پڑھنا جس میں جگہ خالی ہو (۲۰) جاندار کی تصویر والے کپڑے پہن کر نماز پڑھنا (۲۱) سامنے یا سجدہ کی جگہ یا دائیں بائیں تصویر ہونے کی حالت میں نماز پڑھنا (۲۲) آیتیں یا سورتیں یا تسبیحیں انگلیوں پر شمار کرنا (۲۳) چادر اس طرح لپیٹ کر نماز پڑھنا کہ جلدی ہاتھ نہ نکل سکیں (۲۴) نماز میں انگڑائی لینا (۲۵) عمامہ کے پیچ پر سجدہ کرنا (۲۶) سنت کے خلاف نماز میں کوئی کام کرنا۔

No comments:

Post a Comment

براہِ کرم! غلط یا حوصلہ شکن کمنٹ نہ کریں… آپ کا کمنٹ آپ کی ذات اور اخلاق کی پہچان ہے… اس لیے جلا بھنا یا ادب و آداب سے گرا ہوا کمنٹ آپ کے شایان شان ہرگز نہیں۔ شکریہ

Powered by Blogger.

Advertise Here

© 2020 تمام جملہ حقوق بحق | Tahseenonline | محفوظ ہیں

Theme byNoble Knowledge